حکومت کے خلاف فیصلہ کن مہم، ن لیگ کے مہنگائی مارچ کا لاہور سے آغاز

Published On 26 March,2022 04:44 pm

لاہور: (دنیا نیوز) حکومت کے خلاف فیصلہ کن مہم کے معرکہ کے لیے مسلم لیگ ن کے مہنگائی مارچ کا لاہور سے آغاز ہو گیا۔

لانگ مارچ سے قبل پاکستان مسلم لیگ  ن کی نائب صدر مریم نواز اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز میں ملاقات ہوئی، اس ملاقات کے دوران اہم امور پر تبادلہ کے ساتھ مختلف امور پر مشاورت کی گئی۔ اس دوران قافلے پہنچنے سے قبل کارکنوں کی تعداد اور روٹس سمیت دیگر معاملات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ لاہور میں کئی مقامات اور دیگر اضلاع سے ہزاروں کارکنان پہنچ چکے۔

قائدین کی طرف سے بتایا گیا کہ ہم نکلنے سے پہلے حکومت کو واضح بتاتے ہیں ہمارے کسی قافلے کو نہ روکا جائے اور نہ کوئی رکاوٹ ڈالی جائے ورنہ انجام بہت برا ہوگا۔

پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ اتنی بڑی تعداد سے سٹرکوں پر نکل کر یہ ثبوت دیدیا کہ یہ حکومت فیل ہوچکی، عمران نیازی اور ان کی ٹیم یہ ن لیگ کے شیروں کو دیکھ کر پریشان ہوچکی۔ اب یہ قافلے رکنے والے نہیں۔

مہنگائی مارچ، مریم نواز اور حمزہ کے ساتھ نکلو: شہباز کی عوام سے اپیل 

مہنگائی مکاؤ مارچ میں عوام سے شرکت کی اپیل کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف کی کال پر سب اپنے گھروں سے نکلیں اور مہنگائی کا عذاب نازل کرنے والوں کو آخری دھکا دیں، مریم نوازاور حمزہ شہبازکے ساتھ نکلو اور ظالم حکومت سے نجات حاصل کرو ، مہنگائی مکاؤ مارچ عوام کو ہر روز کی مہنگائی سے نجات دلائے گا۔

لیگی صدر کا کہنا تھا کہ عوام جان لیں، ان کا حق موجودہ کرپٹ نالائق حکمران کھا گیا، وہ نہ نکلے تو پورا پاکستان کھا جائے گا، عوام گھروں سے نکل کر جھوٹے حکمرانوں پر ثابت کردیں ان کی چالاکیاں اب نہیں چلیں گی، مہنگائی سچ ہے، کرپشن سچ ہے، نالائقی سچ ہے، اس سچ کے لئے عوام گھروں سے نکلیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ساڑھے 3 سال سے قوم سے جھوٹ پر جھوٹ بولنے والا، اب نئے جھوٹ بول رہا ہے، عوام اسے مسترد کریں، کرپٹ حکمران اپنی ڈوبتی سیاست کے لئے عوام کو گمراہ کررہا ہے، اس کے جھوٹ کے خلاف عوام گھروں سے نکلیں ، اپنی بھرپور شرکت سے عوام پیغام دیں وہ مہنگائی اور اسے لانے والی حکومت دونوں کو مسترد کرتے ہیں۔

Advertisement