لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ مہنگائی مارچ میں مریم نواز اور حمزہ شہبازکے ساتھ نکلو اور ظالم حکومت سے نجات حاصل کرو۔
مہنگائی مکاؤ مارچ میں عوام سے شرکت کی اپیل کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف کی کال پر سب اپنے گھروں سے نکلیں اور مہنگائی کا عذاب نازل کرنے والوں کو آخری دھکا دیں، مریم نوازاور حمزہ شہبازکے ساتھ نکلو اور ظالم حکومت سے نجات حاصل کرو ، مہنگائی مکاؤ مارچ عوام کو ہر روز کی مہنگائی سے نجات دلائے گا۔
لیگی صدر کا کہنا تھا کہ عوام جان لیں، ان کا حق موجودہ کرپٹ نالائق حکمران کھا گیا، وہ نہ نکلے تو پورا پاکستان کھا جائے گا، عوام گھروں سے نکل کر جھوٹے حکمرانوں پر ثابت کردیں ان کی چالاکیاں اب نہیں چلیں گی، مہنگائی سچ ہے، کرپشن سچ ہے، نالائقی سچ ہے، اس سچ کے لئے عوام گھروں سے نکلیں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ساڑھے 3 سال سے قوم سے جھوٹ پر جھوٹ بولنے والا، اب نئے جھوٹ بول رہا ہے، عوام اسے مسترد کریں، کرپٹ حکمران اپنی ڈوبتی سیاست کے لئے عوام کو گمراہ کررہا ہے، اس کے جھوٹ کے خلاف عوام گھروں سے نکلیں ، اپنی بھرپور شرکت سے عوام پیغام دیں وہ مہنگائی اور اسے لانے والی حکومت دونوں کو مسترد کرتے ہیں۔