اسلام آباد:(دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ق) میں پھوٹ پڑ گئی اور وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ نے (ن) لیگ سے اتحاد نہ ہونے پر وفاقی کابینہ سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سینئر رہنما طارق بشیر چیمہ نے کابینہ سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وزارت سےاستعفیٰ دے دیا ہے، عمران خان کے خلاف ووٹ دوں گا، پرویزالہٰی میرے محسن ہیں ہرحال میں ان کے ساتھ ہوں، چودھری شجاعت سے درخواست کی تھی عمران خان کو ووٹ نہیں دوں گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ضمیرکی آواز پرووٹ نہ دینے کا فیصلہ کیا، میں سمجھتا ہوں وزیراعظم نے بہت وقت ضائع کر دیا، میں تنہا ہوں دیگر ممبران اپنی مرضی کے مطابق ووٹ دیں گے۔
دوسری جانب پنجاب میں عدم اعتماد کی تحریک آنے کے بعد وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اپنا استعفیٰ وزیراعظم کو پیش کر دیا۔
وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ چودھری پرویز الہی کی وزیراعظم عمران خان کیساتھ ملاقات ہوئی، ملاقات میں تمام معاملات طے ہوگئے۔ ق لیگ کا وزیراعظم پر اعتماد کا اظہار اور حمائیت کا اعلان کر دیا۔
انہوں نے مزید لکھا کہ وزیراعلی عثمان بزدار نے اپنا استعفی وزیر اعظم کو پیش کردیا۔
فرخ حبیب نے لکھا کہ وزیراعظم عمران خان نے چودھری پرویز الٰہی کو پنجاب کا وزیراعلی نامزد کرنے فیصلہ کر لیا۔