لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعظم کی جانب سے چوہدری پرویز الٰہی کو وزیراعلی پنجاب نامزد کرنے کے معاملے پر لائحہ عمل طے کرنے کے لئے ترین گروپ اور علیم خان گروپ نے آج الگ الگ مشاورتی اجلا س طلب کر لئے۔
ترین گروپ نے تمام تر صورتحال پر مشاورت کے لئے آج غیر رسمی اجلاس طلب کر رکھا ہے، ترین گروپ تمام ارکان اسمبلی اور رہنماوں سے موجودہ صورتحال پر مشاورت کرے گا۔ ترین گروپ کی جانب سے چوہدری پرویز الٰہی کی نامزدگی پر حمایت یا کسی اور پالیسی کا جائزہ لیا جائے گا، ترین گروپ اپنی تجاویز سے جہانگیر ترین کو آگاہ کرے گا، حتمی فیصلہ جہانگیر ترین سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔
دوسری جانب علیم خان گروپ بھی چوہدری پرویز الٰہی کے حوالے سے آج مشاورت کرے گا۔ ذرائع کے مطابق چوہدری پرویز الٰہی کی حمایت کرنی ہے یا نہیں، فیصلہ علیم خان کریں گے۔ علیم خان آج اپنے ساتھیوں، ٹکٹ ہولڈرز، ارکان اسمبلی سے مشاورت کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ کریں گے۔