اسلام آباد: (دنیا نیوز) متحدہ اپوزیشن کی طرف سے فیصلہ کیا گیا ہے کہ پارلیمانی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت نہیں کی جائے گی۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف کی رہائش گاہ پر متحدہ اپوزیشن کے قائدین کا اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری، خالد مقبول صدیقی، اسعد محمود، سردار اختر مینگل سمیت دیگر رہنما شریک ہوئے۔
متحدہ اپوزیشن اوراس کا ساتھ دینے والی جماعتوں کے 172 ارکان قومی اسمبلی نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران سیاسی صورتحال اور تحریک عدم اعتماد پر مشاورت کی گئی۔ اجلاس نے متحدہ اپوزیشن کے پاس نمبر گیم پوری ہونے اور تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے لئے ارکان قومی اسمبلی کی مطلوبہ سے زائد تعداد میں دستیابی پراطمینان کا اظہار کیا۔
اجلاس نے آئین، قانون اور پارلیمانی جمہوری عمل کے ذریعے تحریک عدم اعتماد کو طے شدہ نظام الاوقات کے مطابق منطقی انجام تک پہنچانے کے فیصلے کا اعادہ کرتے ہوئے دوٹوک طور پر واضح کیا کہ عمران نیازی کو اپوزیشن کوئی این آر او نہیں دے گی۔
اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ ذرائع سے چلائی جانے والی گمراہ کن خبریں متحدہ اپوزیشن کے فیصلے کو تبدیل نہیں کراسکتیں۔ عدم اعتماد کی تحریک کے ذریعے متحدہ اپوزیشن ملک میں نئی جمہوری اور آئینی روایات قائم کرے گی۔