اسلام آباد: (دنیا نیوز) متحدہ اپوزیشن نے نئے وزیراعظم کا انتخاب قومی اسمبلی ایجنڈے میں شامل کرنے کی درخواست جمع کرادی۔
درخواست میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ کہ ضمنی ایجنڈا جاری کرکے نئے وزیراعظم کا انتخاب بھی ایجنڈے میں شامل کیا جائے۔ مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی سردار ایاز صادق ، پیپلز پارٹی کے اراکین قومی اسمبلی نوید قمر اور شازیہ مری نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کی جانب سے درخواست جمع کرائی۔
اس موقع پر سردار ایاز صادق نے کہا کہ ہماری درخواست ہے سپلیمنٹری ایجنڈا جاری کرکے نئے وزیراعظم کے انتخاب کو ایجنڈا میں شامل کیا جائے، عدم اعتماد کی کامیابی کی صورت میں نئے وزیراعظم کا انتخاب بھی ایجنڈے پر ہونا چاہیے۔