اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت سیاسی کمیٹی اجلاس میں ملکی سیاسی صورت حال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں وفاقی وزراء اور پارٹی کی سینئیر قیادت شریک ہے، اجلاس کے دوران تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ ووٹنگ ڈے کے حوالے سے حکمت عملی پر بھی مشاورت کی گئی۔ وزیراعظم عمران خان آج قانونی ٹیم سے بھی اہم مشاورت کریں گے جس کے دوران حالیہ ملکی سیاسی صورت حال سے متعلق قانونی اور آئینی امور زیر بحث آئیں گے۔
دوسری جانب پنجاب کے سیاسی محاذ پربھی بھرپورسرگرمیاں جاری ہیں، وزیراعظم عمران خان نے گورنرچودھری سرورکو اسلام آباد طلب کرلیا ۔اس سے پہلے وزیراعلی عثمان بزدار کو بھی اسلام آباد پہنچنے کی ہدایت کی گئی تھی تاہم گورنر اور وزیراعلی پنجاب کی لاہور میں ملاقات ہوئی جس کے بعد وزیراعلی بزدار کی اسلام آباد روانگی موخر کر دی گئی۔ وزیراعظم گورنر پنجاب سے ملاقات میں صوبے کی سیاسی صورتحال پر فیصلہ کن مشاورت کریں گے۔