اسلام آباد: (یاسر ملک) وزیراعظم عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک کے معاملے پر متحدہ اپوزیشن کا اہم اجلاس اتوار کو صبح دس بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں طلب کر لیا گیا۔
اجلاس کی صدارت پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کریں گے، اجلاس میں سابق صدر آصف علی زرادری، پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری، جے یو آئی ف کے مولانا اسعد محمود شریک ہوں گے۔
اجلاس میں بی این پی مینگل کے سردار اختر مینگل، بی اے پی کے خالد مگسی، ایم کیو ایم کے خالد مقبول صدیقی، جمہوری وطن پارٹی کے شاہ زین بگٹی شریک ہوں گے۔ اجلاس میں متحدہ اپوزیشن کے تمام پارلیمانی ممبران بھی شریک ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں قومی اسمبلی اجلاس کی حکمت عملی طے کی جائے گی، قومی اسمبلی اجلاس سے قبل اپوزیشن کے اجلاس میں ممبران کی تعداد مکمل کی جائے گی، اجلاس میں ائندہ کی حکمت عملی نئے وزیراعظم کے انتخاب پر مشاورت ہو گی۔