وزیراعظم کا ارکان پارلیمنٹ کے ہمراہ قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت کا فیصلہ

Published On 02 April,2022 04:12 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) تحریک عدم اعتماد پر پارلیمنٹ کے فیصلہ کن کارروائی کے دوران وزیراعظم عمران خان بھی قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

ذرائع کے مطابق پہلے خبر تھی کہ وزیراعظم عمران خان نے تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے شیڈول قومی اسمبلی کے اجلاس میں اپنے ارکان کو جانے سے منع کردیا تھا، تاہم اب حکومت نے اپنی حکمت عملی میں تبدیلی کر لی ہے۔

اب فیصلہ ہوا ہے کہ تحریک انصاف کے ممبران کل قومی اسمبلی جائیں گے۔ ارکان قومی اسمبلی عدم اعتماد کے خلاف ووٹ دیں گے جبکہ وزیراعظم عمران خان بھی کل قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

تحریک عدم اعتماد ناکام ہو گی: وزیراعظم

وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ تحریک عدم اعتماد غیر ملکی سازش ہے جو ناکام ہوگی۔

وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت سیاسی کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں تحریک عدم اعتماد پر مشاورت کی گئی۔ اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ تحریک عدم اعتماد غیر ملکی سازش ہے جو ناکام ہوگی۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ عوام ہمارے ساتھ ہے، اپوزیشن عوام سے مسترد شدہ ہے، کے پی کے کی عوام نے تحریک عدم اعتماد کےخلاف فیصلہ سنا دیا، ضمیر بیچنے والے قوم کے سامنے آگئے ہیں۔

دوسری جانب اٹارنی جنرل خالد جاوید وزیراعظم ہاؤس پہنچ گئے ہیں، وہ وزیراعظم سے قانونی امور پر مشاورت کریں گے۔