لاہور: (حسن رضا، ویب ڈیسک) نئے قائد ایوان سے پہلے پنجاب میں سیاسی جوڑ توڑ عروج پر پہنچ گیا، ترین گروپ کی جانب سے متحدہ اپوزیشن کے نامزد امیدوار حمزہ شہباز کی حمایت کرنےوالے تین ارکان کو پاکستان مسلم لیگ ق کے رہنما اور وفاقی وزیر برائے آبی وسائل مونس الٰہی پنجاب اسمبلی لے آئے۔
خیال رہے کہ ترین گروپ کے رہنما نعمان لنگڑیال نے حمزہ شہباز شریف کے ساتھ پریس کانفرنس کے دوران نئے وزارت اعلیٰ کے انتخاب کے لیے ان کی حمایت کا اعلان کیا تھا، اس دوران ترین گروپ کے متعدد اراکین اسمبلی موجود تھے۔
تاہم سیاسی جوڑ میں نئی پیشرفت سامنے آئی ہے، پاکستان مسلم لیگ ق کے رہنما چودھری پرویز الٰہی کے صاحبزادے مونس الٰہی ترین گروپ کے تین رہنما عبدالحئی دستی، رفاقت گیلانی، امیر محمد خان کو مونس الہی اپنی گاڑی میں لیکر پنجاب اسمبلی پہنچے۔ تینوں ارکان نے پہلے حمزہ شہباز کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔
اس دوران صحافی نے سوال کیا کہ کیا آپ بھی خریداریاں کررہے ہیں؟ اس پر جواب دیتے ہوئے مونس الٰہی نے کہا کہ آپ کو پتا ہونا چاہیے کہ میرا یہ کام نہیں۔
وفاقی وزیر برائے آبی وسائل جہانگیر ترین کے افراد کو پرویز الہی کے پاس بیٹھا کر پنجاب اسمبلی سے چلے گئے۔
صحافی نے مزید سوال کیا کہ مونس الہی صاحب اب کہاں جارہے ہیں؟ اس پر جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اب مزید افراد کو لیکر آنا ہے ان کو لینے جارہا ہوں۔
ترین گروپ تقسیم، اختلافات بڑھنے لگی، حکومت کے ناراض اراکین سے رابطے
دوسری طرف اپوزیشن کی حمایت پر ترین گروپ تقسیم ہو گیا، گروپ میں اختلافات بڑھنے لگے، ترین گروپ کے مزید تین ارکان نے مونس الٰہی سے رابطہ کیا ہے۔جلد مزید ارکان کی حمائت حاصل کرکے میڈیا کے سامنے لائیں گے۔
اُدھر نامزد وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے بھی ارکان سے رابطے تیز کردیے، حسین الہی اور وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک نے بھی مختلف ناراض اراکین اور خاموشی سے متعدد ارکان اسمبلی سے رابطے کیے ہیں۔