عمران نیازی نے ملک اور آئین کے خلاف کھلی بغاوت کی: متحدہ اپوزیشن

Published On 03 April,2022 11:39 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) متحدہ اپوزیشن کا کہنا ہے عمران نیازی نے ملک اور آئین کے خلاف کھلی بغاوت کی ہے جس کی سزا آئین کے آرٹیکل 6 میں درج ہے۔

متحدہ اپوزیشن کا اسلام آباد میں اجلاس ہوا جس کے بعد بیان میں کہا گیا اتوار کو ملک کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے جس میں آئین، جمہوریت، قانون اور سیاسی اخلاقیات کے خلاف بغاوت کی گئی ہے، عمران نیازی نے ملک اور آئین کے خلاف کھلی بغاوت کی ہے جس کی سزا آئین کے آرٹیکل 6 میں درج ہے، اس بغاوت کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔

اجلاس میں مزید کہا گیا کہ اسپیکرسمیت تمام حکومتی ٹولے کےغیرآئینی وغیرپارلیمانی اقدامات اور رویوں کی شدید مذمت کرتے ہیں، انہیں آئین شکن قرار دیتے ہیں، متحدہ اپوزیشن اپنی واضح اکثریت ثابت کرچکی ہے جبکہ یہ بھی بلا شک وشبہ عیاں ہوچکا ہے کہ اپوزیشن کے پاس ایوان کے ارکان کی واضح اکثریت ہے، متحدہ اپوزیشن آئین، عوام اور جمہوریت کا ساتھ دینے والے تمام با ضمیر اور آئین وعوام دوست ارکان کا شکریہ ادا کرتی ہے، جذبے کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کی جانب سے صورتحال کا نوٹس لینے کے اقدام کی تحسین کرتے ہیں، ملک و قوم کو درپیش سنگین آئینی بحران کے پیش نظر چیف جسٹس اور ان کے برادر ججز کی طرف سے فوری کارروائی اور مختصر حکم کے اجراء کا خیر مقدم کرتے ہوئے متحدہ اپوزیشن اور پاکستان کے بائیس کروڑ عوام پر امید ہیں کہ پاکستان کی اعلیٰ عدلیہ آئین کے ساتھ کھڑی ہوگی اور آئین شکنی کے اقدامات سے پیدا ہونے والے بحران پر ایک منصفانہ، عادلانہ اور دستور کی روشنی میں فیصلہ صادر فرمائے گی۔

متحدہ اپوزیشن نے مطالبہ کیا کہ آئین شکنی اور قومی اسمبلی کے اجلاس میں تحریک عدم اعتماد پرغیرقانونی وغیردستوری حکومتی اقدامات پر سماعت عدالت عظمیٰ کا فل کورٹ سُنے۔

ہمارا مطالبہ شفاف الیکشن تھا، عمران نیازی نے آئین شکنی کی: شہباز شریف

 پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہمارا مطالبہ قبل از وقت نہیں بلکہ شفاف الیکشن تھا، آئین شکن ٹولے نے قبضہ کر لیا ہے، عمران نیازی نے آئین شکنی کی اور ڈپٹی اسپیکر نے وزیر کی بات کو من وعن مان کر تحریک عدم اعتماد کو مسترد کر دیا۔

دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عمران نیازی نے جمہوریت کے پودے کو کچلنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، آج عدم اعتماد پر ووٹنگ ہونا تھی، وزیر نے آرٹیکل 5 کا حوالہ دے کرغیر آئینی اقدام کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران نیازی نے انارکی پھیلانے کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑی، حکومت کی بدنیتی واضح تھی، شخصی اقتدار کو طول دینے کے لیے آئین پر حملہ کیا گیا، کرپٹ، نالائق وزیراعظم کے خلاف عدم اعتماد تھا، آئین و قانون میں ووٹنگ کے علاوہ کوئی راستہ نہیں تھا، وزیراعظم کرپٹ اور پاگل ہو تو اس کو آئینی طریقے سے نکالنے کا راستہ موجود ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ فاشسٹ وزیراعظم نے کبھی میرے کسی خط کا جواب نہیں دیا، جب فاشسٹ وزیراعظم الیکشن کے حوالے سے خط لکھے گا تو مشاورت کے بعد فیصلہ کروں گا، عدالت کا جو بھی فیصلہ ہوگا قبول کریں گے، فیصلے پر اتفاق ہو یا نہ ہو، عدالت کے فیصلے کا احترام ہم سب پر لازم ہے۔

Advertisement