اسلام آباد: (دنیا نیوز) تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان نے کہا ہے کہ عمران خان نے حکومت قربان کر دی، غلامی قبول نہیں کی۔
عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کے بعد قومی اسمبلی سے خطاب میں پی ٹی آئی رہنما علی محمد خان کا کہنا تھا کہ روس صرف بہانہ ہے، عمران نشانہ ہے۔ اپوزیشن کے ساتھ کچھ لوگ ہیں جو غیر ملکی طاقتوں کے ساتھ ملے ہوئے ہیں۔ عمران خان نے آزاد خارجہ پالیسی کی بات کی، یہی ان کا گناہ ہے۔ وہ جلد دو تہائی اکثریت سے دوبارہ وزیراعظم بنیں گے۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز قومی اسمبلی میں عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کی قرارداد 174 ووٹوں سے کامیاب ہوئی تھی۔ عمران خان 3 سال 7 ماہ 21 دن تک وزارت عظمیٰ کے منصب پر فائز رہے۔ وہ پارلیمانی تاریخ کے پہلے وزیراعظم ہیں جنہیں باقاعدہ آئینی طریقہ کار کے تحت عدم اعتماد کی قرارداد کے ذریعے اپنے عہدے سے ہٹایا گیا۔