پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی ریفرنس: نیب کے تین گواہوں کے بیانات قلمبند

Published On 11 April,2022 02:56 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی ریفرنس میں نیب کے تین گواہوں کے بیانات قلمبند کرنے کے بعد عدالت نے سماعت 27 اپریل تک ملتوی کر دی۔

احتساب عدالت کے جج نسیم احمد ورک نے پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی ریفرنس پر سماعت کی۔ لیگی رہنما خواجہ سلمان رفیق نے عدالت میں پیش ہو کر حاضری مکمل کروائی۔ خواجہ سعد رفیق کی جانب سے حاضری معافی کی درخواست دائر کی گئی۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ خواجہ سعد رفیق قومی اسمبلی کے اجلاس کے باعث عدالت میں پیش نہیں ہو سکتے۔ عدالت نے وکلا کے دلائل کے بعد حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی۔

نیب کی جانب سے 3 گواہوں کے بیانات قلمبند کئے گئے۔ گواہ نسیم اختر، محمد یونس اور محمد اعجاز نے بیان قلمبند کروائے۔ گواہوں نے عدالت کو بتایا کہ اخبار میں اشتہار دیکھ کر پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی کے پلاٹوں کی فائلیں خریدیں، آج تک کوئی قبضہ دیا گیا نہ رقم واپس کی گئی۔

عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے پاکستان میں آئین اور قانون کی جیت ہوئی، پنجاب میں بھی تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگی۔ احتساب عدالت نے پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی ریفرنس پر سماعت 27 اپریل تک ملتوی کر دی۔