لاہور:(دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ اقتدار جاتا دیکھ کر کوئی شخص پاگل ہوگیا، بتایا جائے اس کو کسی نے نہیں اسکی اپنی جماعت نے باہر نکالا، عمران خان کو اگر بھارت اتنا پسند ہے تو پاکستان کی جان چھوڑ کر وہاں شفٹ ہوجائیں۔
وزیراعظم عمران خان کے قوم سے خطاب پر ردعمل دیتے ہوئے مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں لکھا کہ عمران خان جس بھارت کے قصیدے پڑھ رہے ہیں وہاں مختلف وزرائے اعظم کے خلاف عدم اعتماد کی 27 تحریکیں آئیں، کسی ایک نے بھی آئین، جمہوریت اور اخلاقیات سے یہ کھلواڑ نہیں کیا، کہ واجپائی ایک ووٹ سے ہارا، گھر چلا گیا، آپ کی طرح ملک، آئین اور قوم کو یرغمال نہیں بنایاگیا۔
کوئی اس اقتدار جاتا دیکھ کر پاگل ہو جانے والے شخص کو بتائے کہ اس کو کسی اور نے نہیں، اسکی اپنی جماعت نے باہر نکالا ہے۔ بھارت اگر اتنا پسند ہے تو وہیں شفٹ ہو جائیے اور پاکستان کی جان چھوڑییے۔
— Maryam Nawaz Sharif (@MaryamNSharif) April 8, 2022
انہوں نے مزید لکھا کہ اقتدار کے لیے اس طرح کسی کو روتے پہلی بار دیکھا ہے، رو رہا ہے کہ میرے لیے کوئی نہیں نکلا، او بھائی آنکھیں کھول کے دیکھو، غریب عوام کو ان ساڑھے تین سالوں میں جس طرح تم نے رُلایا ہے، تل تل کر کے مارا ہے، وہ شکرانے کے نفل پڑھ رہے ہیں کہ تم جیسے سے جان چھوٹی! جاتے جاتے آئین بھی توڑ دیا!۔
اقتدار کے لیے اس طرح کسی کو روتے پہلی بار دیکھا ہے۔رو رہا ہے کہ میرے لیے کوئی نہیں نکلا۔او بھائی آنکھیں کھول کے دیکھو،غریب عوام کو ان ساڑھے تین سالوں میں جس طرح تم نے رُلایا ہے، تل تل کر کے مارا ہے، وہ شکرانے کے نفل پڑھ رہے ہیں کہ تم جیسے سے جان چھوٹی! جاتے جاتے آئین بھی توڑ دیا!
— Maryam Nawaz Sharif (@MaryamNSharif) April 8, 2022
خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ جتنا میں بھارت کو جانتا ہوں کوئی نہیں جانتا، افسوس ہوتا ہے یہ کہتے ہوئے بھارت ہمارے ساتھ ہی آزاد ہوا، آرایس ایس آئیڈیالوجی کی وجہ سے بھارت سے تعلقات بہتر نہیں ہوئے، بھارت میں کبھی کسی سپر پاور کی جرات نہیں کہ ان کے داخلی پر معاملات پر مداخلت کرے، روس پر پابندیوں کے باوجود بھارت ماسکو سے تیل لے رہا ہے کیونکہ اس کے عوام کا فائدہ ہے لیکن امریکا کچھ بھی نہیں کرسکا، یورپی یونین نے جس طرح ہمارے ملک میں یہ بیان دیا کیا وہ بھارت میں ایسا بیان دے سکتی ہے؟۔