اسلام آباد:(دنیا نیوز) وفاقی دارالحکومت کے نجی ہوٹل میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے منحرف رکن قومی اسمبلی نور عالم خان پر فقرہ کسنے پر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے نامعلوم شخص کو مکا مار دیا۔
اسلام آباد کے نجی ہوٹل میں افطاری کا اہتمام کیا گیا، افطاری کے دوران ایک شخص نے نور عالم کو فقرہ کسا جس پر رکن قومی اسمبلی کے ساتھ موجود پاکستان پیپلز پارٹی کے مصطفیٰ نواز کھوکھر مشتعل ہوگئے اور شہری کے ساتھ ہاتھا پائی ہو گئی۔
ندیم افضل چن اور دیگر پیپلزپارٹی کے ارکان بیچ بچاؤ کراتے رہے۔
نور عالم کی شہری کیخلاف درخواست جمع
نجی ہوٹل میں بدتمیزی کے معاملے میں تھانہ سیکرٹریٹ میں نور عالم کی جانب سے شہری کے خلاف درخواست جمع کرا دی گئی ہے۔
نور عالم خان نے درخواست میں موقف اپنایا کہ میں اپنے دوستوں کے ساتھ ہوٹل میں افطاری کے لئے گیا، میرے ہمراہ سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر، ندیم افضل چن اور فیصل کریم کنڈی تھے، ایک نامعلوم شخص نے گالم گلوچ شروع کر دی اور جان سے مارنے کی دھمکی دی۔
درخواست کے متن کے مطابق ہم نے اسے اگنور کیا اور افطار کے لئے کھانا لینے اٹھے، دوبارہ اس شخص نے گالیاں اور دھمکیاں دینا شروع کر دیں، اس کو سمجھانے کی کوشش کی تو اس نے حملہ کر دیا، اس سے پہلے بھی پی ٹی آئی کے کارکنان بدتمیزی کر چکے ہیں، شرپسند عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔
وزیراعظم کا نوٹس
وزیراعظم شہباز شریف نے نجی ہوٹل میں واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ عام آدمی کا تحفظ میری اولین ترجیح ہے۔