لاہور: (لیاقت انصاری سے) تحریک انصاف کے پنجاب اسمبلی میں منحرف ارکان کا معاملہ، پی ٹی آئی نے 24 ممبران پنجاب اسمبلی کے خلاف ریفرنس سپیکر آفس میں جمع کروا دیا۔
ذرائع کے مطابق سپیکر پنجاب اسمبلی مقررہ وقت میں ریفرنس الیکشن کمیشن کو بھجوانے کا فیصلہ کریں گے۔ ابھی ریفرنس پر سپیکر کی جانب سے کاررروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔ منحرف اراکین کا تعلق جہانگیر ترین، علیم خان اور اسد کھوکھر گروپ سے ہے۔ منحرف اراکین کو اپنا موقف پیش کرنے کا موقع دیا ہے لیکن کسی نے جواب نہیں دیا۔
خیال رہے پارٹی سیکرٹری جنرل اسد عمر نے پہلے ان ارکان کو پارٹی پالیسی پر عمل کرنے کا مراسلہ جاری کیا۔ پارٹی سیکرٹری جنرل نے بعد ازاں چار اپریل کو شوکاز نوٹس جاری کر کے خلاف ورزی پر جواب مانگا۔ منحرف ارکان کے ریفرنس میں حمزہ شہباز کے ساتھ پریس کانفرنسز، ویڈیو بیانات بھی لف ہیں۔ منحرف ارکان متعدد مواقعوں پر حمزہ شہباز کو وزارت اعلی کے لئے ووٹ دینے کا اعلان کرچکے ہیں۔ منحرف ارکان کی جانب سے شوکاز نوٹسز کا جواب نہیں دیا گیا۔