پنجاب میں وزیراعلیٰ کے انتخاب کا معاملہ، اپوزیشن کے ایم پی ایز نئے ہوٹل منتقل

Published On 08 April,2022 06:11 pm

لاہور:( لیاقت انصاری سے ) پنجاب میں وزیراعلیٰ کے انتخاب کا معاملہ، متحدہ اپوزیشن کے ایم پی ایز گلبرگ کے ہوٹل سے نئے ہوٹل میں منتقل ہوگئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق متحدہ اپوزیشن کے ارکان اسمبلی کے لئے ائیر پورٹ کے علاقہ میں واقع ہوٹل میں 150 کمرے بک کروا ئے گئے ہیں، گلبرگ کے ہوٹل کے باہر حمایتی اور مخالف کارکنوں کے مظاہروں اور ٹریفک مسائل کے سبب ہوٹل کی تبدیلی کا فیصلہ کیا گیا۔

مسلم لیگ (ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ گلبرگ کے ہوٹل میں جگہ کم تھی، بڑ ا ہال بھی نہیں تھا اس لئے اس ہوٹل سے دوسرے ہوٹل منتقل ہوئے ہیں۔

دوسری جانب حکومتی اتحاد اور متحدہ اپوزیشن اپنی اپنی نمبرز گیم بہتر کرنے میں مصروف ہے، حکومت کی جانب سے اپوزیشن ارکان اسمبلی، ترین گروپ، علیم خان گروپ کے ارکان اسمبلی سے رابطوں کا سلسلہ جاری ہے ، پنجاب میں حکومت کو اپوزیشن بھی مزید بڑا سرپرائز دینے کے لئے تیار ہے، متحدہ اپوزیشن کا بھی پی ٹی آئی کے مزید ارکان اسمبلی سے رابطہ ہوا ہے۔

گزشتہ رات اپوزیشن رہنماؤں کی تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی سے ملاقات ہوئی ہے، دو روز قبل مقامی ہوٹل میں ہونے والے علامتی اجلاس میں حمزہ شہباز کو 199 ووٹ ملے تھے، اپوزیشن اس نمبرز کو مزید بڑھانے کے لئے کوشاں ہے۔