لاہور: (دنیا نیوز) لاہورہائی کورٹ راولپنڈی بنچ نے غیر قانونی تعمیرات، تجاوزات کی صورتحال اور اقوام متحدہ کی رپورٹ طلب کرلی۔ سانحہ مری کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے کہا کہ مری میں ہر کوئی جاتا ہے، پہاڑ کاٹ کے تعمیرات شروع کرتا ہے، تعمیرات اور تجاوزات کو کنٹرول کون کرے گا۔
سماعت کے موقع پر عدالت نے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب سے استفسار کیا کہ مری کا ماسٹر پلان اب تک کیوں نہیں بنا ؟ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے بتایا کہ ماسٹر پلان لوکل گورنمنٹ راولپنڈی نے بنانا ہے جس پر کام جاری ہے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ مری میں ہر کوئی جاتا ہے اور پہاڑ کاٹ کے تعمیرات شروع کر دیتا ہے، مری میں تعمیرات اور تجاوزات کون کنٹرول کرے گا ؟ مری میں گرین ایریا کم جبکہ کنسٹرکشن بڑھ رہی ہے ؟
عدالت نے مری سے متعلق اقوام متحدہ کی رپورٹ بھی طلب کی جس میں کہا گیا ہے کہ مری ہر سال تین سے چار سینٹی میٹر زمین میں دھنس رہا ہے، یہاں پر ہونے والی غیر قانونی تعمیرات کے اثرات تباہ کن ہو سکتے ہیں۔ عدالت نے چیف آفیسر ضلع کونسل کامران خان کو پیر تک غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کی مفصل رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 22 اپریل تک ملتوی کر دی۔