کراچی :(دنیا نیوز) رحمتوں اور برکتوں بھرے مہینے کا آخری عشرہ، لاکھوں مسلمان اعتکاف بیٹھ گئے، دو سال بعد کورونا ایس او پیز کے خاتمے پر بڑی تعداد میں معتکفین کی محافل سج گئیں، مساجد میں خصوصی اہتمام کیا گیا۔
رحمتوں کے مہینے میں عبادتوں کی سعادتیں کا لطف لینے اور اللہ کی رضا حاصل کرنے کے لیے شہر قائد کی چھوٹی بڑی مساجد میں ہزاروں افراد اعتکاف میں بیٹھ گئے، کورونا وبا کی ایس او پیز کا خاتمہ ہوا تو لوگوں کو جوش و خروش دیدنی تھا بڑے پیمانے پر تیاریاں کی گئیں، اعتکاف کرنے والوں میں نوجوانوں کی بڑی تعداد بھی شامل تھی۔
گزشتہ دوسال تک کورونا وبا کی ایس او پیز کے باعث مساجد میں اعتکاف محدود کر دیا گیا تھا، اعتکاف کرنے والوں کے لیے مساجد کے منتظمین نے انتظامات بھی مکمل کر لئے ہیں۔
فیضان مدینہ، مکی مسجد، مدنی مسجد اور رحمانیہ مسجد طارق روڈ سمیت شہر کی کئی مساجد میں معتکفین کیلئے اجتماعی انتظامات بھی کیے گئے ہیں، رضائے الٰہی کے حصول کے لئے شہر بھر کی مساجد میں بیٹھنے والے معتکفین شوال کا چاند نظر آنے تک مساجد میں قیام کریں گے۔