کچھ مخصوص لوگوں نے مسجد نبویؐ کا تقدس پامال کیا: مریم اورنگزیب

Published On 28 April,2022 11:17 pm

مدینہ منورہ:(دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ سعودی عرب کے دورہ پر موجود وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ کچھ مخصوص لوگوں نے مسجد نبویؐ کا تقدس پامال کیا، ان کے لیڈر نے سوائے بدتمیزی کے کچھ نہیں سکھایا۔

مدینہ منورہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ یہ معاشرے کی تباہی ہے، میں اس شخص کا نام اس پاک زمین پر نہیں لینا چاہتی، اس پاک زمین کو سیاست کے لئے استعمال نہیں کرنا چاہتی، انہوں نے جو اس معاشرے میں تباہی کی وہ آج آپ کے سامنے ہے، بہت سا ایسا معاشرے کا حصہ اور طبقہ موجود ہے جو ان روایات کو برقرار رکھ رہا ہے، وقت لگے گا لیکن یہ رویے ہمارے مثبت رویوں سے تبدیل ہوں گے، ہمارے کارکن بھی یہاں ہیں لیکن انہیں ہدایت کی گئی کہ ایسا رویہ نہ اپنایا جائے۔

وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ روزہ رسول ﷺ پران لوگوں کیلئے دعا کی جو ان لوگوں کو اکساتے ہیں، مسجد نبوی ﷺ کی زمین کو سیاست کیلئے استعمال نہیں کر سکتی، سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کے نئے دور کا آغاز ہو رہا ہے، سعودی عرب کے ساتھ تمام شعبوں میں تعاون بڑھےگا، 4 سال میں قریبی دوست ممالک سے بھی تعلقات خراب ہوئے، سابق حکومت نے پوری دنیا کے تعلقات خراب کیا، انہیں بہتر کیا جائے گا۔

توشہ خانہ کے سوال پر مریم اورنگزیب نے جواب دیا کہ معیشت بھی ٹھیک ہوجائے گی اور انشااللہ روزگار بھی ملے گا، شہباز شریف اور انکے اتحادیوں کی نیت صاف ہے، ہمارے معاشرے کا بڑا حصہ ہماری روایات اور کلچر کو جانتا ہے۔
 

Advertisement