'معاشرے کی تقسیم کا حل چیف الیکشن کمشنر کے استعفے کے بعد نئے انتخابات ہیں'

Published On 29 April,2022 03:11 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) فواد چودھری نے کہا ہے کہ تقسیم پیدا کرنے کے بجائے معاشرے کو جوڑا جائے، معاشرے کی تقسیم کا حل چیف الیکشن کمشنر کے استعفے کے بعد نئے انتخابات ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر نے جو حکم جاری کیا اس پر سب ہنسیں گے، ان کے کنڈکٹ کی وجہ سے ان کو ن لیگ میں عہدہ لینے کا کہا، سندھ ہاوس میں ہمارے ایم این ایز کو سزا ہو گئی وہ جیل گئے، انصار الاسلام نے لاجز پر حملہ کیا اس پر کوئی سزا نہیں ہوئی، ایسے فیصلوں سے ملک میں تقسیم بڑھے گی۔

فواد چودھری کا کہنا تھا کہ نیا چیف الیکشن کمشنر لگایا جائے اور فوری انتخابات کرائے جائیں، الیکشن کمیشن سے کہا تھا کہ سب پارٹیوں کے کیسز اکٹھے سنے جائیں، 20 لاکھ آدمی جمع کریں گے، ان لوگوں کو عوام کی رائے کی اہمیت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوڈ شیڈنگ اتنی بڑھ گئی، اس پر کوئی اجلاس تک نہیں ہوا، ڈیزل کی قلت سے کسان رل گیا، دو ملین مارچ میں لوگوں نے خود آنا ہے، حکومت کتنے لوگوں کو گرفتار کر لے گی، اتنی ڈری ہوئی حکومت زیادہ دیر نہیں چل سکتی۔
 

Advertisement