حمزہ شہباز کی حلف برداری سے متعلق فیصلے کیخلاف انٹرا کورٹ اپیل قابل سماعت قرار

Published On 30 April,2022 09:39 am

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے حمزہ شہباز کی حلف برداری سے متعلق فیصلے کیخلاف انٹرا کورٹ اپیل قابل سماعت قرار دے دی۔ جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے سفارش کی کہ چیف جسٹس انٹرا کورٹ اپیل پر5 ججز پر مشتمل بینچ تشکیل دیں۔

 لاہور ہائیکورٹ میں حمزہ شہباز کا حلف رکوانے کے لیے پی ٹی آئی کی انٹرا کورٹ اپیل پر سماعت ہوئی۔ وکیل پی ٹی آئی نے موقف اپنایا کہ ہماری کوشش تھی کے حلف لینے سے پہلے کیس سنا جاتا، لیکن اب سنگل بینچ کے فیصلہ پر عمل درآمد ہوگیا، اب حمزہ شہباز حلف اٹھا چکے ہیں۔

جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے استفسار کیا آپ نے اہم نکات اٹھائے ہیں، اگر آپ کہتے ہیں تو ہم لارجر بینچ کی سفارش کر دیتے ہیں، بتائیں آپ کا کیس کیا ہے، سنگل بینچ کے فیصلے میں کیا غلطی ہے ؟ پی ٹی آئی وکیل نے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی سے حلف لینے کی آئین میں کوئی گنجائش نہیں۔

جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے کہا کہ ایک خبر چل رہی تھی کہ گورنر صاحب نے نیا آرڈر کر دیا ہے۔ جس پر پی ٹی آئی وکیل نے کہا کہ جی بلکل گورنر نے وزیراعلی کو بحال کر دیا۔ اس پر جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے کہا کہ جب آپ کا وزیر اعلی بحال ہوچکا، پھر آپ کی اپیل تو غیر موثر ہوگئی۔ عدالت نے انٹرا کورٹ اپیل کو قابل سماعت قرار دیتے ہوئے فریقین کو نوٹسز جاری کر دیئے۔

 

Advertisement