لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد گورنر ہاؤس سے وزیراعلیٰ آفس آمد، حمزہ شہباز کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ وزیراعلیٰ کو پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔
وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے وزیراعلیٰ آفس کے افسروں اور عملے سے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے افسروں و عملے کو محنت اور لگن سے سرکاری فرائض انجام دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اچھے نتائج اور بہترین سروس ڈلیوری کیلئے پولیس اور انتظامیہ کو مربوط انداز میں فرائض سرانجام دینا ہوں گے۔
حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ غیر جانبداری اور قواعد و ضو ابط کے مطابق فرائض سرانجام دینا اچھے افسر کی پہچان ہے، عوام کو اچھی خدمات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی، یہ وقت محنت کر کے عوام کو ڈلیور کرنے کا ہے، عام آدمی کی زندگیوں میں آسانی پیدا کرنے کیلئے نئے عزم اور جذبے سے کام کرنا ہوگا۔