اسلام آباد: (دنیا نیوز) سعودی عرب نے سٹیٹ بینک کے پاس موجود 3 ارب ڈالر کی واپسی کی مدت میں توسیع کر دی، وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ سعودی عرب کا مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق پاک سعودی سپریم کوآرڈنیشن کونسل کے تحت مختلف امور پر دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر اتفاق کیا گیا ، سعودی عرب نے پاکستان کے ساتھ معاشی تعاون جاری رکھنے کا اعادہ کیا ہے۔ پاکستان کی جانب سے سعودی عرب کے بھرپور تعاون کو سراہا گیا، دونوں ملکوں نے نجی شعبے میں بھی تعاون پر اتفاق کیا ہے۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ انڈسٹریز اور کان کنی کے شعبے میں تعاون پر بھی اتفاق کیا گیا ہے، سعودی عرب نے سٹیٹ بینک کے پاس موجود 3ارب ڈالر کی واپسی کی مدت میں توسیع کردی ہے، اقتصادی شعبے میں تعاون کی نئی راہیں تلاش کی جائیں گی۔ سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے پاک سعودی بزنس کونسل کے اجلاس کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا، زراعت اور خوراک کے شعبوں میں نجی شعبے کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔