سعودی عرب کیساتھ تعلقات کو سٹریٹجک شراکت داری میں تبدیل کرنا چاہتے ہیں: وزیراعظم

Published On 30 April,2022 04:05 pm

ریاض: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ سعودی عرب کیساتھ 7 دہائیوں سے خاص رشتہ ہے، تاریخی تعلقات کو گہرے سٹریٹجک شراکت داری میں تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔

وزیراعظم شہبازشریف نے عرب نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا پاکستان اور سعودی عرب کا رشتہ سات دہائیوں سے ہے، دونوں ممالک کے تعلقات کو اسٹریٹجک شراکت داری میں تبدیل کیا جائے گا۔ سعودی عرب کے ساتھ اپنےخصوصی تعلقات کو اہمیت دیتے ہیں، دونوں ممالک نئے اور غیرروایتی شعبوں کی تلاش پر کام کر رہے ہیں۔

روس یوکرین جنگ کے حوالے سے شہباز شریف نے کہا کہ روس اور یوکرین کے حوالے سے پوری دنیا کو تشویش ہے، پاکستان کے دونوں ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں، امید ہے جلد ہی ماسکو اور کیف کے درمیان مذاکرات کا آغاز ہو جائے گا۔ پاکستان متاثرہ علاقوں میں امداد فراہم کرنے کی تمام کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔

یاد رہے سعودی عرب روانگی سے قبل اہم ویڈیو پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا تھا کہ میں اپنا پہلا دورہ سعودی عرب کا کررہا ہوں، پاکستان سعودی عرب کیساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتاہے ، حالیہ دورے سے دوستی کا مثالی دور شروع ہوگا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان سعودی عرب کیساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتاہے، دونوں ملکوں کے تعلقات کی بنیاد باہمی تعاون،اعتماد پر مبنی ہے۔
 

Advertisement