لاہور:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ مسجد نبوی ﷺ کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے، دنیا بھر میں پاکستان کی بدنامی ہوئی، عمران خان کی سیاست تقسیم در تقسیم پیدا کر رہی ہے، جو بھی ہوا منصوبہ بندی کے تحت ہوا۔
وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے وفاقی وزیر سردار ایاز صادق کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مدینہ منورہ میں سب کچھ منصوبہ کے ساتھ ہوا، شاہ زین بگٹی اور مریم اورنگزیب کے ساتھ بدتمیزی کی گئی، شہباز شریف ذاتی کام سے نہیں گئے اور سعودی عرب کی حکومت نے ہمیشہ فراخدلی سے ساتھ دیا، ان کو کوئی شرم اور حیا نہیں، کوئی لگام نہیں ڈالتا، ہم ڈال سکتے ہیں لیکن اب وزارت کا بوجھ پڑ گیا ہے، قاسم خان سوری کے ساتھ ہونے والے واقعے کی مذمت کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم کتنے ہی گناہ گار ہوں لیکن مدینے جانے سے کون روک سکتا ہے؟ شیخ رشید نے بھتیجا دھاندلی سے ایم این اے کرایا، اس نے سعودی عرب کی ویڈیوز اپ لوڈ کیں، ان کے ساتھ کل جو ہو گا وہ سارے دیکھیں گے، یہ ہمیں شرمسار کرنے چلے تھے لیکن یہ ان کو الٹی پڑ گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان اس دور کا ابو جہل ہے، دنیا کا ہر گند اس آدمی نے کیا، عمران خان نے کرونیز کا لشکر تیار کیا، ہمیں جیلوں میں ڈالا، ساڑھے تین سال رگڑا،عدالتوں نے نوٹس لیا، ہائی کورٹ اور سپریم کے فیصلے آئے، ہمیں چور ثابت کرنے کے لئے کروڑوں روپے خرچ کئے گئے، عمران خان اصل ڈاکو ہے۔
وفاقی وزیر ریلوے کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان عمران خان کی جاگیر نہیں ہے، لوگوں کو بھوکا مارا گیا، عمران خان پیدائشی بھکاری ہے، پاکستان میں اب تک کسی نے اتنا قرضہ نہیں لیا جتنا عمران خان نے لے لیا، ریلوے، پی آئی اے اور باقی اداروں کا برا حال کر دیا گیا، قوم کو گواہ بنا کر کہتا ہوں کہ یہ ڈکیتوں کا ٹولہ، آئین شکن ہیں، عدالت پر دباؤ ڈالتے ہیں اور افواج پاکستان کے بارے میں گالیاں دیتے ہیں۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ہم نے آمریتوں کا مقابلہ کیا، زندانوں میں رہے، بدتمیزی کا مقابلہ کیا جائے گا، ساڑھے تین سال کے دوران کوئی چوری ثابت نہیں ہوئی، سیاسی جماعت نہیں فاشسٹ ہیں، سابق چیف جسٹس اور یہ ملے کیونکہ یہ ہم پرواز ہیں، کلبھوشن کو سہولت دینے کے لئے قانون سازی کروائی گئی، آئین توڑنے والے سنگین غداری کا مرتکب ہوتا ہے، امت مسلمہ کے زخموں پر نمک پاشی کی گئی، یہ عذاب کو دعوت دے رہے ہیں، فتنہ عمرانیہ کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ یہ اپوزیشن میں ہوتا ہے تو ریاستی اداروں کا گھیراؤ کر لیتا ہے اور حکومت میں ہوتا ہے تو دوسروں غدار قرار دیتا ہے، ہواؤں میں کاغذ لہرانے سے نہیں عدالت میں لے کر جاؤ اور غداری ثابت کرو، اصل غدار یہ ہیں لیکن ہم انہیں غدار نہیں کہنا چاہتے، پنجاب اسمبلی ایوان میں بدمعاش لے آئے، زخمی ہوتے ہیں اور دو گھنٹے میں ٹھیک ہو جاتے ہیں، جہالت کے اعلیٰ ترین مقام پر یہ لوگ فائز ہیں، ہر باایمان شخص کو حرمین شریفین میں ہونے والے واقعے کی مذمت کرنا چاہیئے۔