اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ سعودی عرب کے دوران 8.4 ارب ڈالر کے ریلیف پیکج پر پیش رفت ہوئی ہے اور اس سلسلے میں امور جلد نمٹائے جائیں گے۔
سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان 8ارب 40 کروڑ ڈالر کے ریلیف پیکج پر بات چیت ہوئی ہے۔ ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق سعودی عرب نے ریلیف پیکج میں پاکستان کے لیے آسان اور نرم شرائط کا عندیہ دے دیا، سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ریلیف پیکج پر بات چیت ہوئی۔
ذرائع کے مطابق ریلیف پیکج تین طرح سے پاکستان کو سپورٹ کرے گا، سعودی ریلیف پیکج کے تحت زرمبادلہ کے ذخائر بہتر بنانے کے لیے 3 ارب ڈالر پر بات چیت ٹیکنیکل گروپ میں ہو گی، زرمبادلہ کے ذخائر کی بہتری کے لیے قرض پست ترین شرح سود پر بات چیت ہو گی، سعودی عرب سے ادھار تیل، ایل این جی اور یوریا کھاد کی سہولت پر بھی معاملات طے ہوں گے، سعودی عرب ادھار تیل اور ایل این جی کے لیے قرض سہولت دگنی کرنے پر ابتدائی آمادہ ہے، ادھار تیل کی سہولت کے پروگرام کا حجم دگنا کرنے کے طریقہ کار پر بھی بات چیت ہوگی۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ سعودی عرب کی گارنٹی پر سعودی بینکوں سے سستے قرضوں کی فراہمی کا روڈ میپ طے ہوگا، سعودی عرب پاکستان سکوک بانڈ پر بھی سرمایہ کاری میں آمادہ ہے، سعودی عرب سکوک بانڈ میں 1.5 سے 2 ارب ڈالر تک سرمایہ کاری کرنا چاہتا ہے۔