لاہور: (دنیا نیوز) سیشن عدالت میں پنجاب اسمبلی میں ڈپٹی سپیکر پر حملہ کرنے، توڑ پھوڑ اور لڑائی جھگڑا کرنے کے کیس میں اہم پیشرفت ہو گئی، سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی اور عنائت اللہ کی عبوری ضمانت 25 مئی تک منظور کر لی گئی۔
ایڈیشنل سیشن جج یسین موہل نے عبوری ضمانتوں پر سماعت کی، پولیس کی جانب سے تفتیش نا مکمل ہونے پر کیس کی سماعت ملتوی کی گئی۔ ملزمان نے اپنے وکیل افسر رضا خان اور عامر سعید راں کی وساطت سے درخواست دائر کی۔ پاکستان تحریک انصاف اور مسلم لیگ ق کے 9 اہم رہنما پہلے ہی عبوری ضمانت پر ہیں۔
وکلا کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ ہم پر جھوٹا مقدمہ درج کیا گیا ہے، ڈر ہے کہ پولیس گرفتار کر لے گی، ہمارا استحقاق مجروح ہوا ہے، عدالت عبوری ضمانت منظور کرنے کا حکم دے۔
واضح رہے کہ پنجاب اسمبلی میں جھگڑا کرنے کا مقدمہ تھانہ قلعہ گجر سنگھ پولیس نے 604/22 درج کر رکھا ہے۔