روپیہ 193 روپے فی ڈالر پر چلا گیا، پوری نام نہاد حکومت لندن بیٹھی ہے: فواد چودھری

Published On 13 May,2022 12:30 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) فواد چودھری نے کہا ہے کہ روپیہ 193 روپے فی ڈالر پر چلا گیا، پوری نام نہاد حکومت لندن بیٹھی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے حکومت کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب میں پانی میسر نہیں، خریف کی فصلیں تباہ ہو رہی ہیں، ملک میں کوئی حکومت نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ مذاق بند کریں عبوری حکومت بنائیں اور انتخابات کرائیں۔

دوسری جانب ملک میں توانائی کا بحران سنگین صورتحال اختیارکرنے لگا ہے۔ مختلف شہروں میں 8 سے 12 گھنٹے کے لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔ پاور ڈویژن ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک میں بجلی کا شارٹ فال 4 ہزار 743 میگاواٹ پر پہنچ چکا ہے، بجلی کی مجموعی پیداوار 20 ہزار 757 میگا واٹ جب کہ طلب 25 ہزار2 سو میگاواٹ تک پہنچ چکی ہے۔ ملک میں بجلی کی مجموعی پیداواری صلاحیت 36 ہزار 39 میگاواٹ ہے۔

ذرائع کے مطابق پن بجلی ذرائع سے 5 ہزار 37 میگاواٹ بجلی پیدا ہورہی ہے، سرکاری تھرمل پاور پلانٹس 821 میگاواٹ جبکہ نجی شعبے کے بجلی گھروں کی پیداوار 11 ہزار 717 میگاواٹ ہے، ونڈ پاور پلانٹس 535 میگاواٹ بجلی پیدا کر رہے ہیں۔ بگاس پاور پلانٹس سے 162 میگاواٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے۔ نیوکلیئر پاور پلانٹس کی پیداوار 2 ہزار 372 میگاواٹ اور سولر پاور پلانٹس سے 114 میگاواٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے۔ موسم کی شدت میں اضافے کے ساتھ شارٹ فال میں بھی مزید اضافے کا خدشہ ہے۔
 

Advertisement