ابوظہبی :(دنیا نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ابوظہبی میں متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان سے شیخ خلیفہ بن زید النہیان کے انتقال پر تعزیت کی ہے۔
تعزیتی ریفرنس میں شاہی خاندان کے دیگر ارکان بھی موجود تھے، وزیراعظم کے ہمراہ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ اور یو اے ای میں پاکستان کے سفیر افضل محمود بھی موجود تھے۔
شہباز شریف نے متحد عرب امارات کی قیادت سے پاکستان کی قیادت، حکومت اور عوام کی طرف سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔
اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات قائم ہیں، پاکستان اور یو اے ای کے درمیان تعلقات مرحوم شیخ خلیفہ بن زید النہیان کی قیادت میں نئی بلندیوں تک پہنچے، وہ پاکستان کے ایک مخلص دوست تھے، پاکستان کی حکومت اور عوام ان کی گرانقدر خدمات کو طویل عرصے تک یاد رکھیں گے۔
خیال رہے کہ متحدہ عرب امارات کے برادر عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے پاکستان نے تین روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا تھا۔