گجرات:(دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ عمران خان دھوکے باز اور ڈرامے باز ہے، سازش ڈرامہ فلاپ ہونے کے بعد جان کو خطرے کا ڈھونگ رچادیا، اللہ کرے زندہ رہو، آپ نے نہیں، اسٹیبلشمنٹ نے آپ کا نمبر بلاک کر دیا، ووٹ مانگنے پر عوام بھی رانگ نمبر کی آواز لگائیں گے، چار سال کچھ کیا نہیں، اب بچوں کی طرح بہانے کئے جارہے ہو، الیکشن اسی وقت ہونگے جب نوازشریف فیصلہ کریں گے۔
گجرات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ گجرات نے تمام جلسوں کا ریکارڈ توڑ دیا، تاریخی جلسے پر گجرات کے لوگوں کا شکریہ، ماضی میں بھی نواز شریف نے گجرات میں تاریخی جلسہ کیا تھا، گجرات کے عوام نے آج مسلم لیگ (ن) کے حق میں فیصلہ دےدیا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان حکومت جانے پر دن رات ماتم کر رہے ہیں، میرا بس چلے تو عمران خان کا نام کبھی اس زبان سے نہ لوں، اس فتنے کے شر سے لوگوں کو بچاوَں گی، پہلے اس نے جعلی خط پیش کیا پھر عالمی سازش کا روناشروع کیا، اب عوام کی ہمدردیاں سمیٹنے کیلئے کہتا ہے کہ میری جان کو خطرہ ہے، جب آپ اقتدار میں تھے تو نہ سازش تھی نہ آپ کی جان کو کوئی خطرہ تھا، عوام آپ سے 4 سال کی کارکردگی کا حساب مانگتے ہیں، آپ کی کارکردگی صفر ہے اس لیے جھوٹ پر جھوٹ بول رہے ہو۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ جب کارکردگی نہ ہو تو پھر جھوٹے ڈرامے کرنے پڑتے ہیں، خان صاحب ہماری دعا ہے کہ آپ زندہ رہیں اور نواز شریف کی کامیابیاں دیکھتے رہو، اول تو یہ کہ ویڈیو جھوٹ ہے، اگر ہے تو سامنےلاوَ، حادثے کا انتظار مت کریں، آپ ویڈیو سامنے لائیں، پھر نواز شریف کا ظرف دیکھنا وہ تمہیں شہباز شریف سے زیادہ سیکیورٹی دے گا، یہ اپنی تقریر میں زہر کا ذکر کر رہا تھا، اگر آپ کے کھانے میں کوئی زہر ملائے گا تو وہ آپ کا کچن یا گھر والا کوئی ہوگا۔
مریم نواز نے عمران خان پر تنقید کے نشتر برساتے ہوئے کہا کہ یہ جھوٹا شخص تمام حدیں عبور کر گیا ہے، آپ تو گھر کا کھانا کھاتے ہیں، نواز شریف کوٹ لکھپت جیل کا کھانا کھاتے تھے، کوٹ لکھپت جیل میں تم نے نواز شریف کے ساتھ کیا کیا، نواز شریف کا کھانا عمران خان کی طرف سے آتا تھا، جو خود ایسی حرکتیں کرتا ہے وہ سب کے بارے میں ایسا ہی سوچتا ہے، عمران خان کہاں تم کم ظرف جھوٹے اور کہاں نواز شریف، میں اس کی تقریر بڑی مصیبت سے سنتی ہوں، یہ ڈالر اوپر جانے کا ذکر کرتا ہے، مبارک ہو عمران کی یادداشت واپس آگئی ہے۔
مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر نے کہا کہ آج مہنگائی کرنے والا کہتا ہے کہ ملک میں مہنگائی کیسے ہوگئی، کیا سوال 4 سال کےحکمران سے ہوگا یا 4 ہفتے کی حکومت سے؟، عمران خان جاتے جاتے پاکستان کی معیشت کو وینٹی لیٹر پر ڈال کر گیا، عمران خان کہتے ہیں کہ میں نے اسٹیبلشمنٹ کے نمبرز بلاک کر دیئے ہیں، تمہاری چیخیں بتا رہی ہیں کہ اسٹیبلشمنٹ نے تمہارا نمبر بلاک کر دیا ہے، الیکشن میں جانے کا شوق تھا تو اتحادیوں کی منتیں کرنے کی بجائے الیکشن کا اعلان کرتے، تحریک عدم اعتماد کی کامیابی سے پہلے کہتے ہیں کہ الیکشن میں جا رہا ہوں، جب تم عوام سے ووٹ مانگو گے تو آواز آئے گی رانگ نمبر، عمران تم جس نمبر پر فون کرتے ہو اب وہ نمبر بدل گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد کی کامیابی سے پہلے کہتے کہ الیکشن میں جا رہا ہوں، اب الیکشن تب ہوں گےجب ہمارا قائد نواز شریف لندن سے فیصلہ کرےگا، نواز شریف نے اس کو موقع دیا کہ عمران خان خود کو ایکسپوز کر دے، ان کے 4 سال میں عوام غریب اور ان کی کابینہ کے ارکان امیر ہوگئے، کہتا ہے ان لوگوں کے آنے سے بہتر تھا ایٹم بم گرا دیتے، پاکستان سلامت رہے گا تاقیامت رہے گا، سابقہ دور میں ن لیگ کے کارکنوں پر ظلم ڈھائے گئے۔
مریم نوا ز نے کہا کہ حکومت جانے پر عمران خان دن رات ماتم کر رہے ہیں، پی ٹی آئی چیئرمین نے چار سال غفلت میں گزار دئیے، اب کہتے ہیں مجھے قتل کرنے کی سازش کی جارہی ہے۔