عمران نیازی بزدل شخص کا نام، باز نہ آئے تو جیلوں کے دروازے کھول دیں گے: حمزہ

Published On 15 May,2022 11:15 pm

گجرات:(دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ عمران نیازی بزدل شخص کا نام، بہادر موت سے نہیں ڈرتے، یہ روز نیا تماشا لگاتے ہیں، باز نہ آئے تو جیلوں کے دروازے کھول دیں گے۔

گجرات میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ جھوٹے بیانیے سے عوام کو دھوکا دیا جا رہا ہے، اداروں کو بدنام کرنے کا سلسلہ جاری ہے، فارن فنڈنگ اکاؤنٹس چھپانے والے ہم پر الزام لگاتے ہیں، انہوں نے چار سال میں الٹا ہوکر دیکھ لیا، ایک روپے کی کرپشن بھی ثابت نہیں کرسکے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ ڈیڑھ ماہ پنجاب کا کوئی وزیراعلیٰ نہیں تھا، اب مہینے سے زیادہ ہوگیا میری کابینہ ہی نہیں ہے، عمران خان جب امریکہ سے آیا تو کہا کشمیر اور پاکستان کا ترجمان بنوں گا، سابقہ دور میں ن لیگ کے کارکنوں پر ظلم ڈھائے گئے، عمران نیازی کبھی سازش کا رونا روتے ہیں کبھی کہتے ہیں جان کو خطرہ ہے، عمران خان قوم کو دھوکہ دے رہے ہیں، عمران خان نے کہا تھا خودکشی کرلوں گا لیکن آئی ایم ایف کے پاس نہیں جاوَں گا، آپ نے خودکشی نہیں کی لیکن غریب لوگوں نے آپ کی وجہ سے خودکشیاں کیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران جھوٹے اور سازشی بیانیے سے عوام کو گمراہ کر رہے ہیں، عمران جھوٹی سازش کا رونا رو کر اداروں کو بدنام کر رہا ہے، آپ نواز شریف اور شہباز شریف پر ایک روپے کی کرپشن ثابت نہیں کر سکے، عوام سے میرا وعدہ ہے کہ چینی کو 70 روپے فی کلو پر لاوَں گا، آٹے کو اتنا سستا کروں گا کہ پنجاب کے عوام خوش ہوجائیں گے، گھی کو بھی سستا کرنے جارہے ہیں۔

حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ سب سے بڑا چور عمران نیازی ہے اور الزام ہم پر لگاتے ہیں، اسے شرم نہیں آتی 2کروڑ کی گھڑی خرید کر 14 کروڑ میں بیچ دی، اس کو تکلیف ہوتی ہے کہ سپریم کورٹ کے دروازے 12 بجےکیوں کھلے، اس کو تکلیف ہوتی ہے کہ جج کیوں آئین کی پاسداری کیلئے بیٹھے، مافیا عمران خان کی چھتری تلے عوام کاخون چوستا رہا، ہم عوام کو ہسپتال میں مفت ادویات فراہم کریں گے، جیلوں کے دروازے بھی کھولنے پڑے تو وہ بھی آپ کیلئے کھول دیں گے، پہلے ملک کی ڈوبتی معیشت کو بچانا ہے۔
 

Advertisement