یاسین ملک پر الزامات، پاکستان کی بھارتی حکام کے جعلی اقدام کی شدید مذمت

Published On 18 May,2022 11:08 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) حریت رہنما محمد یاسین ملک کے خلاف من گھڑت الزامات عائد کرنے پر پاکستان نے بھارتی حکام کے جعلی اقدام کی شدید مذمت کی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان میں متعین بھارتی ناظم الامور کی وزارت خارجہ طلبی ہوئی ہے، حریت رہنما محمد یاسین ملک پر لگائے گئے من گھڑت الزامات کی شدید مذمت کی گئی اور ہندوستانی ناظم الامور کو احتجاجی مراسلہ بھی سپرد کیا گیا۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ حریت رہنما محمد یاسین ملک اس وقت تہاڑ جیل میں قید ہیں، بھارتی سفارت کار کو پاکستان کی شدید تشویش سے آگاہ کیا گیا، بھارتی حکومت کشمیری قیادت کی آواز دبانا، انہیں فرضی محرکات میں پھنسانا چاہتی ہے، کشمیری قیادت کو جھوٹے الزامات میں پھنسانے کے بھارتی ہتھکنڈے کامیاب نہیں ہوں گے، بھارت کا ظلم و جبر، دھمکی آمیز ماحول کشمیریوں کی پرعزم جدوجہد دبا نہیں سکتا۔

پاکستان نے مطالبہ کیا کہ کشمیری قیادت کو بنیادی انسانی حقوق سے محروم رکھ کر یرغمال نہ بنایا جائے، ہندوستان ریاستی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی روکے، تمام قیدی رہا کرے، مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں بند کی جائیں، محمد یاسین ملک کو عائد تمام بے بنیاد الزامات سے بری کرکے رہا کیا جائے، عالمی برادری، انسانی حقوق کی تنظیمیں کشمیری رہنماؤں کے ساتھ روا غیر انسانی سلوک کا نوٹس لیں۔
 

Advertisement