اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی رہنما عمر سرفراز چیمہ کی بطور گورنر کےعہدے سے برطرفی کے خلاف درخواست پر لارجر بنچ بناتے ہوئے سماعت منگل تک ملتوی کردی.
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے عمر سرفراز چیمہ کی درخواست پر رجسٹرار آفس اعتراضات کے ساتھ سماعت کی ،عمر سرفراز چیمہ وکیل بابر اعوان کے ہمراہ عدالت میں حاضر ہوئے۔
وکیل بابر اعوان نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ رجسٹرار آفس نے دو اعتراض عائد کئے ہیں، کہا گیا برطرفی کے نوٹیفکیشن کی وٹس ایپ کاپی لگائی گئی ہے، دوسرا اعتراض لگایا گیا کہ یہ اس عدالت کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا، نوٹیفکیشن ہمیں نہیں دیا گیا تھا اس لیے نہیں لگا سکے
اس موقع پر چیف جسٹس نے کہا کہ صدر کا کیا اختیار ہے اور کہاں ان پر بائنڈنگ ہیں یہ سب طے شدہ ہے یہ پارلیمانی نظام حکومت ہے صدارتی نظام حکومت نہیں، گورنر کو تو ڈی نوٹی فائی وفاق نے کیا ہے۔
بعدازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمر سرفراز چیمہ کی درخواست پر لارجر بنچ تشکیل دیتے ہوئے کیس کی سماعت منگل تک ملتوی کردی۔