لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ آج وفاقی حکومت میں کرائم منسٹرشہبازشریف،حمزہ شہبازاپنی اکثریت کھوچکے اوران کی حکومتیں عملی طورپرختم ہوگئی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ آج وفاق میں کرائم منسٹر شہباز شریف، حمزہ شہباز اپنی اکثریت کھو چکے اور ان کی حکومتیں عملی طور پر ختم ہوگئیں۔ ان لوگوں پرتاحیات نااہلی بھی آگئی ہے۔ شہبازشریف کے پاس 173ووٹ ہیں،3لوگ(ن)لیگ سے علیحدہ ہوچکے ہیں، صدرمملکت اعتماد کا ووٹ کا کہیں گے توان کے پاس169ممبران ہیں، پنجاب میں حمزہ کے پاس 171ووٹ ہیں 186 چاہئیں۔ فیصلے کے بعد منحرف اراکین کا ووٹ شمارنہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اصل جیت ان کروڑوں لوگوں کی ہے جنہوں نے عمران خان کا ساتھ دیا۔ سپریم کورٹ کی رائے فیصلہ ہوتا ہے، صدرمملکت کودرخواست کرتا ہوں اسمبلی میں کسی کے پاس اکثریت نہیں اسمبلی کو توڑ دیا جائے، نئے انتخابات کی طرف بڑھا جائے، اس فیصلے کے نیتجے میں پورے ملک اوراپنی لیگل ٹیم کومبارکباد دینا چاہتا ہوں۔ آج کے فیصلے کا مطلب پاکستان الیکشن کی طرف جارہا ہے، اسمبلیاں برخواست کرکے نئے الیکشن کی طرف بڑھنا چاہیے۔