اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت نے وزیراعظم کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم گورنر پنجاب کی تقرری بارے اپنی ایڈوائس پر نظر ثانی کریں، عمر سرفراز چیمہ اب بھی گورنر کے عہدے پر فائز ہیں، نئی تقرری کا کوئی جواز نہیں۔
صدر مملکت عارف علوی نے وزیراعظم کو گورنر پنجاب کی تقرری بارے ایڈوائس پر جواب دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ ملکی حالات کا تقاضا ہے موجودہ گورنر اپنے عہدے پر برقرار رہیں، پنجاب میں غیر قانونی طریقے سے اکثریت حاصل کر کے آئین کی خلاف ورزی کی گئی، غیر قانونی اقدامات سے پنجاب میں گورننس کے سنگین مسائل پیدا ہوئے۔
عارف علوی کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کے 20 مئی کے فیصلے سے گورنر پنجاب کا موقف مزید مستحکم ہوا، الیکشن کمیشن نے وفاداریاں بدلنے کو ووٹر اور پارٹی کی پالیسی کو دھوکہ دینے کی بدترین شکل کہا، منحرف ہونے والے 25 ایم پی اے پنجاب اسمبلی کے رکن نہیں رہے، وزیراعظم آئین کے مطابق نئے گورنر پنجاب کی تقرری کی ایڈوائس پر نظر ثانی کریں۔