ڈیووس: (ویب ڈیسک) سعودی وزیرخزانہ محمد الجدان نے کہا کہ پاکستان کو دیے جانے والے تین ارب ڈالرز ڈیپازٹ میں توسیع کر رہے ہیں۔
سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں ہونے والے ورلڈ اکنامک فورم کے سائیڈ لائن پر سعودی وزیرخزانہ نے برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کو بتایا کہ اس وقت 3 ارب ڈالرز ڈیپازٹ کی مدت میں توسیع کو حتمی شکل دے رہے ہیں۔
رائٹرز کے مطابق گزشتہ سال سعودی عرب نے پاکستان کے مرکزی بینک میں تین ارب ڈالرز پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر کو سپورٹ کرنے کے لیے جمع کرایا تھا۔
محمد الجدان نے مزید تفصیلات نہیں بتائیں تاہم یکم مئی کو دونوں ممالک نے مشترکہ بیان میں کہا تھا کہ وہ زرمبادلہ کے ذخائر کی مد میں سپورٹ کے لیے ڈیپازٹ کی مدت میں توسیع سمیت دوسرے آپشن پر غور کریں گے۔
پاکستان کو اس وقت افراط زر میں اضافے، زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی اور روپے کی قدر میں مسلسل گراوٹ کے سبب زرمبادلہ کی اشد ضرورتہے۔
سعودی وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان مملکت کا اہم اتحادی ہے اور سعودی عرب اس کے ساتھ کھڑا رہے گا۔
پاکستان میں نئی حکومت آنے کے بعد آئی ایم ایف کے ساتھ قرض معاہدے کی بحالی کے اوپر منڈلاتے خدشات کی وجہ سے مارکیٹ اور معیشت کو بہت زیادہ عدم استحکام کا سامنا ہے۔