اسلام آباد:(دنیا نیوز) پاکستان اور بھارت نے سندھ طاس معاہدے کو حقیقی روح میں نافذ کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار کے مطابق پاکستان بھارت مستقل انڈس کمیشن کا نئی دہلی میں 118واں اجلاس ہوا، پاکستان کے 6 رکنی وفد کی قیادت سید محمد مہر علی شاہ نے کی، اجلاس میں پاکستان اور بھارت کے درمیان پانی سے متعلق مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا، سیلاب کی معلومات کی پیشگوئی اطلاع اور مستقل انڈس کمیشن کی رپورٹ پر دستخط کئے گئے۔
عاصم افتخار نے کہا کہ اجلاس میں پاکستان نے مغربی دریاؤں پر بھارت کے ہائیڈرو الیکٹرک منصوبوں پر اعتراضات سے آگاہ کیا، پاکل دل سمیت بھارتی منصوبوں پر پاکستان کے اعتراضات کا بھی جواب طلب کیا گیا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ دونوں فریقین نے سندھ طاس معاہدے کو حقیقی روح میں نافذ کرنے کے عزم کا اعادہ کیا جبکہ دونوں فریقوں نے اگلا اجلاس جلد پاکستان میں منعقد کرنے کی امید کا بھی اظہار کیا۔