اسلام آباد: (دنیا نیوز) ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے کہا ہے کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری 17مئی کو امریکا کے دورے پر روانہ ہوں گے، اٹھارہ مئی کو انٹونی بلنکن سے ملاقات ہوگی۔
ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے مذاکرات کے دروازے کبھی بند نہیں کئے، بھارت سمیت سب پڑوسیوں سے دوستی چاہتے ہیں، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی اقدامات کے باعث مذاکرات بند ہوئے، بھارت پر اب ذمہ داری عائد ہوتی ہے مذاکرات کے لئے مناسب ماحول پیدا کرے۔ بھارت کے ساتھ تجارت کے بارے میں خبریں سامنے آئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کیساتھ تجارت کے حوالے سے گزشتہ روز وزارت تجارت نے وضاحت جاری کی ہے، بھارت کے ساتھ تجارتی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، پاکستان بھارت میں ہونے والی شنگھائی تعاون تنظیم کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کرے گا ، ایس سی او انسداد دہشتگردی اور انتہا پسندی ماہرین کمیٹی کا اجلاس 16 مئی کو دہلی میں ہوگا، وزارت خارجہ کے حکام اور ماہرین کا وفد شریک ہوگا۔
عاصم افتخار نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ تعلقات معمول کے مطابق ہیں، افغان قیادت کے ساتھ مختلف ایشوز پر بات چیت ہوتی رہتی ہے، پاکستان افغانستان پر زور دیتا رہا ہے انکی سرزمین ہمارے مخالف استعمال نہیں ہونی چائیے، کالعدم ٹی ٹی پی سمیت تمام دہشت گرد گروہوں کے خلاف کاروائی ہونی چاہئے، نئی افغان حکومت کے ساتھ بھی معاملہ اٹھایا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری 17مئی کو امریکا کے دورے پر روانہ ہوں گے، اٹھارہ مئی کو سیکریٹری انٹونی بلنکن سے ملاقات کریں گے۔