اسلام آباد:(دنیا نیوز) پاکستان نےبھارتی عدالت کی جانب سے کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کو من گھڑت الزامات میں دی گئی سزا کو سختی سے مسترد کر دیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان میں متعین بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا اور کہا گیا کہ پاکستان بھارتی طرز عمل، سنائی گئی سزا کی شدید مذمت کرتے ہوئے مسترد کرتا ہے۔
اس حوالے سے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ حریت رہنما یاسین ملک کو 2017ء کے انتہائی مشکوک، متنازع مقدمے میں سزا سنائی گئی، یاسین ملک کے خلاف ہندوستانی قومی تحقیقاتی ایجنسی نے مقدمہ دائر کیا تھا، حریت رہنما کو جھوٹے الزامات میں سزا سنائی، منصفانہ ٹرائل کا موقع نہیں دیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق یاسین ملک کو بگڑتی صحت کے باوجود غیر انسانی قید میں ڈالا گیا، بھارت نے کشمیری قیادت کے خلاف سیاسی انتقام کے لیے عدلیہ کا غلط استعمال کیا ہے۔