اسلام آباد : (دنیا نیوز) وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ سیاسی استحکام کے بغیر ملک ترقی نہیں کرسکتا، سیاسی استحکام نہ ہوتونوبل انعام یافتہ لوگ بھی بٹھا دیں تو بھی ملک ترقی کی راہ پر گامزن نہیں ہوگا۔
اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ مغربی پاکستان کے لوگ اس زعم میں تھے کہ مشرقی پاکستان ہم پر بوجھ ہے، بھارت ہم سے بہت پیچھے تھا لیکن 2000 کے بعد ہمیں پیچھے چھوڑ گیا، کیا وجہ ہے ہر ملک ہمیں اوور ٹیک کر جاتا ہے اور ہم پیچھے رہ جاتے ہیں۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ جس ملک میں سیاسی استحکام اور پالیسیوں کا تسلسل نہیں ہوگا وہ ملک کبھی ترقی نہیں کر سکتا، ملک میں جمہوریت کو مستحکم کر کےمعاشی خوشحالی کاحصول ممکن ہے، ملک میں نظام بدلنے کی بڑی کوششیں کی گئی، پالیسیوں کا تسلسل نہ ہو تو جتنے مرضی افلاطون لا کربٹھادیں ملک ترقی نہیں کرسکتا۔
انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش جو ہمارے وطن سے نکلا ہم سے آگے نکل گیا، جنوبی کوریا 100 بلین ڈالر سے 600 بلین ڈالر پر پہنچ گیا، جو ملک خانہ جنگی کا شکار تھے وہ بھی ہم سے آگے نکل گئے ہم وہیں کھڑے ہیں، آج کا نوجوان جو ابھی گریجوایٹ کر رہا ہے وہ اپنے سفر کے بارے میں کیا کہے گا۔
وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان آئینی حکمرانی اورجمہوری نظام کے لحاظ سے کمزور ہوا ہے، ہم 1988 سے آگے نہیں بڑھ سکے بلکہ 2 قدم پیچھےہوئےہیں، جدید دور میں میڈیا کی ذمہ داریوں میں اضافہ ہوا ہے، تعلیم کی کمی اور غربت کی وجہ سے انتہا پسندی بڑھی۔