اسلام آباد : (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ عمران خان کا بیان ملک کے لیے خطرناک ہے، سب کو اس بیان کی مذمت کرنی چاہیے۔
سینیٹ کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی سے اپیل ہے وہ اپنا بیان واپس لیں، عمران خان کی طرف سے ایسا بیان آنا ملک کیلئے خطرناک ہے، یہ کہنا کہ ملک دیوالیہ ہوجائے گا یہ ملک دشمن ہی کہہ سکتا ہے، بطور پاکستانی یہ نہیں کہنا چاہیے کہ ملک 3 حصوں میں تقسیم ہو جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی نے کبھی اداروں کے خلاف بات نہیں کی، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عدلیہ کااحترام کیا، ہم نے 1985 میں غلطی کی اور قومی اسمبلی کا بائیکاٹ کیا۔
یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ عمران خان کیخلاف عدم اعتمادغیرجمہوری نہیں ہے، زرداری صاحب 11 سال جیل میں رہے، پیپلز پارٹی کی لیڈر شپ جیل میں رہی کبھی اداروں کے خلاف بات نہیں کی۔