لاہر: (دنیا نیوز) سیاسی جماعتوں کی جانب سے عمران خان کے متنازع بیان کی شدید مذمت کی گئی ہے، آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ کوئی بھی پاکستانی ملک کے ٹکڑے کرنے کی بات نہیں کرسکتا،طلال چودھری کہتے ہیں عمران خان اتنا بوکھلا گئے ہیں کہ ملک توڑنے کی بات کر رہے ہیں، ایم کیوایم نے عمران خان کے بیان کو کھلم کھلا ملک دشمنی قرار دیدیا۔
عمران خان کا ملک ٹوٹنے اور افواج پاکستان کیخلاف بیان ناقابل قبول قرار، سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ یہ زبان ایک پاکستانی کی نہیں بلکہ مودی کی ہے۔ ملک کے 3 ٹکڑے کرنے کی خواہش ہمارے جیتے جی پوری نہیں ہو سکتی۔ انشااللہ پاکستان تا قیامت آباد رہے گا، عمران خان کے ناپاک بیان پر گلی گلی احتجاج کریں گے۔
وفاقی وزیرخورشید شاہ کا کہنا ہے کہ آج سازشی عمران کھل کرسامنےآ گیا، تین ٹکڑے پاکستان کے نہیں،عمران کی سیاست کے ہوں گے۔ ہمیشہ کہا عمران کو پاکستان کےخلاف ایجنڈے کے تحت تیار کیا گیا۔
پی پی رہنما سعید غنی نے بھی عمران خان کو آڑے ہاتھوں لیا، ان کا کہنا ہے کہ عمران نیازی پاگل پن کا شکار ہو چکے۔ یہ اپنی ذات سے آگے کسی چیز کو دیکھنا نہیں چاہتے، ان کیخلاف کارروائی ہونی چاہیے۔
نون لیگی رہنما طلال چودھری کا کہنا ہے کہ عمران خان اب اداروں کونشانہ بنا رہے ہیں۔ یہ اتنا بوکھلا گئے ہیں کہ ملک توڑنے کی بات کر رہے ہیں، اب کوئی ایکشن لینے کا وقت ہے۔
ترجمان ایم کیو ایم نے عمران خان کا بیان کھلم کھلا ملک دشمنی قرار دیا، ان کا کہنا ہے کہ افواج پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی برداشت نہیں، بیان سے واضح ہو گیا کہ عمران خان کسی ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں۔ پاکستان کی بقا عمران خان کی سیاسی بقا سے کسی طور پر بھی مشروط نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اگر اسٹیبلشمنٹ نے صحیح فیصلے نہ کیے تو فوج تباہ ہو جائے گی: عمران خان