اسلام آباد:(دنیا نیوز) پاکستان نے یوکرین کے جنگ زدہ عوام کیلئے امدادی سامان کی دوسری کھیپ بھجوا دی ہے۔
اسلام آباد کے نورخان ایئربیس پر یوکرین کے عوام کے لئے امدادی سامان کی دوسری کھیپ بھجوانے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا، وزیرمملکت خارجہ امور حنا ربانی کھر، این ڈی ایم اے حکام، یوکرین کے سفیر نے بھی شرکت کی۔
حنا ربانی کھر نے یوکرین میں جاری جنگ پر تحفظات کا اظہار کیا اور کہا کہ یوکرین کے جنگ زدہ عوام کی ہرممکن مدد جاری رکھیں گے۔
یوکرین کے سفیر نے مشکل وقت میں دوسری بار امدادی سامان بھجوانے پر پاکستانی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔
خیال رہے کہ جنگ کے باعث یوکرین میں بڑی تعداد میں شہری بے گھر ہوچکے ہیں، امدادی سامان یوکرین کے جنگ میں گھرے عوام کے ساتھ پاکستان کی طرف سے یکجہتی کا اظہار ہے۔