ماسکو:(ویب ڈیسک) روس کے ایک انٹیلی جنس افسر نے دعویٰ کیا ہے کہ صدر ولادیمیر پیوٹن اپنی بینائی کھو رہے ہیں اور ان کے پاس زندہ رہنے کے لیے صرف تین سال باقی ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق افسر نے کہا کہ ڈاکٹروں نے 69 سالہ صدر کو زندہ رہنے کے لیے صرف تین سال کا وقت دیا ہے کیونکہ انہیں تیزی سے بڑھنے والے کینسر کی شدید عارضہ لاحق ہے۔ فیڈرل سکیورٹی سروس (ایف ایس بی) کے افسر کا کہنا تھا کہ پیوٹن کو اکثر سر درد رہتا ہے۔
ایک رپورٹ کے مطابق اس افسر نے روسی صدر کی تیزی سے بگڑتی ہوئی صحت کے بارے میں معلومات سابق روسی جاسوس بورس کارپیچکوف کو بھیجیں جو اس وقت برطانیہ میں چھپا ہوا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق روسی افسر کے حوالے سے کہا گیا کہ ہمیں بتایا گیا ہے پیوٹن سر میں درد میں مبتلا ہے اور جب وہ ٹی وی پر نظر آتا ہے تو اسے کاغذ کے ٹکڑوں کی ضرورت ہوتی ہے جس میں ہر چیز بڑے حروف میں لکھی ہوتی ہے تاکہ وہ پڑھ سکیں کہ وہ کیا کہنا چاہتے ہیں۔
افسر نے کہا کہ پیوٹن کے اعضاء بھی بے قابو ہو کر لرز جاتے ہیں، تاہم روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے پیوٹن کی بگڑتی ہوئی صحت سے متعلق افواہوں کی تردید کی ہے۔