پشاور: (دنیا نیوز) پشاور ہائیکورٹ نے این ایچ اے کی کارکردگی پر برہمی کا اظہار کر دیا۔
پشاورہائیکورٹ میں چترال روڈ سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، ممبر این ایچ اے، چیف پلاننگ کمشنر، ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل عدالت میں پیش ہوئے، چیف پلاننگ کمشنرنے عدالت کو بتایا کہ این ایچ اے کو فنڈز دیئے گئے ہیں لیکن ابھی تک انھوں نے کچھ کام نہیں کیا، عدالت نے این ایچ اے کی کارکردگی پر برہمی کا اظہار کیا۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ کیوں نہ ہم ایف آئی اے سے اس کی انکوائری کا حکم دیں،کیوں نہ ان کے خلاف ایف آئی آر اندارج کا حکم دیں،این ایچ اے کی کارکردگی صفر ہے۔
چیف پلاننگ کمشنر نے عدالت کو بتایا کہ کیلاش روڈ پر اگلے مالی سال میں کام شروع ہوجائیگا، کیلاش روڈ کے لئے 20 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں، عدالت نے فریقین سے 21 جون تک جواب طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔