لاہور : (ویب ڈیسک) وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز پر مقدمہ درج کرنے سے متعلق کاروائی کا فیصلہ لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔
رجسٹرار آفس نے پنجاب حکومت کی اپیل کو سماعت کے لیے مقرر کر دیا، جسٹس امجد رفیق پنجاب حکومت کی اپیل پر سماعت کریں گے، پنجاب حکومت نے سیشن کورٹ کے فیصلے کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں اپیل دائر کی۔
سیشن کورٹ نے میاں اسلم اقبال کی درخواست پر پولیس کو قانون کے مطابق کاروائی کا حکم دیا تھا، سیشن کورٹ نے وزیر اعلی، چیف سیکرٹری ، ڈپٹی کمشنر لاہور سمیت دیگر کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی کا حکم دیا تھا۔
میاں اسلم اقبال نے لانگ مارچ کے دوران پولیس ریڈ اور ہراساں کیے جانے پر سیشن کورٹ سے رجوع کیا تھا، پنجاب حکومت نے اپنی اپیل میں تحریک انصاف کے رہنما میاں اسلم اقبال کو فریق بنایا ہے۔
پنجاب حکومت کی جانب سے درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ سیشن کورٹ کا وزیر اعلی سمیت دیگر کے خلاف کاروائی کا حکم قانون کے منافی ہے، لاہور ہائیکورٹ سیشن کورٹ کا کاروائی سے متعلق فیصلہ کالعدم قرار دے۔