عمران خان نے بجٹ 2022-2023ء مسترد کر دیا

Published On 10 June,2022 10:34 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) وفاقی حکومت کی طرف سے مالی سال 2022-ء2023ء کا بجٹ چیئر مین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے مسترد کر دیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے لکھا کہ ہم امپورٹڈ حکومت کے پیش کردہ اس عوام دشمن اور کاروبار دشمن بجٹ کو مسترد کرتے ہیں۔ امپورٹڈ حکومت کی طرف سے پیش کیا گیا بجٹ افراط زر (11.5%) اور اقتصادی ترقی (5%) کے غیر حقیقی مفروضوں پر مبنی ہے۔

عمران خان نے لکھا کہ حساس قیمتوں کا انڈیکس آج24فیصد تک جاپہنچا ہے جو 25 سے 30 فیصد تک پہنچ جائے گا جس سے عام آدمی بری طرح متاثر ہو گا۔

سابق وزیراعظم نے لکھا کہ شرح سود بڑھنے سے ترقی کا عمل رُک جائے گا۔ ہماری تمام ترقی پسند ٹیکس اصلاحات، غریبوں کے حامی پروگرام جیسے کہ صحت کارڈ، کامیاب پاکستان کو روکا جا رہا ہے۔

انہوں نے مزید لکھاکہ یہ بجٹ حقیقت کے برعکس ہے، اس بجٹ سے قوم پر مزید بوجھ اور مصائب پیدا ہونگی۔

Advertisement