اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد پولیس نے بھی بچت پالیسی پر عملدرآمد کرتے ہوئے تمام افسران کیلئے مفت پٹرول کی سہولت کی حد مقرر کردی۔ پولیس افسران کو فیول اپنی مقررہ حد میں ہی استعمال کرنے اور غیر ضروری اجلاس آن لائن منعقد کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
آئی جی اسلام آباد کی منظوری سے پٹرول کوٹے کیلئے نئے ایس او پیز جاری کردیئے گئے ہیں جس کے مطابق ڈی آئی جی لیول کے افسران کو اب ماہانہ 250 لٹر تک پٹرول ملے گا، پہلے ڈی آئی جی صاحبان کیلئے مفت پٹرول کی کوئی حد مقرر نہیں تھی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق اسلام آباد پولیس کے اے آئی جیز اور ایس ایس پیز کو 200 لیٹر تک مفت پٹرول استعمال کرنے کی اجازت ہوگی جبکہ اے ایس پی اور ڈی ایس پی افسران 175 لٹر تک مفت پٹرول استعمال کرسکیں گے۔ پولیس کے موٹر سائیکل سواروں کو ماہانہ 65 لٹر تک مفت پٹرول کے استعمال کی اجازت ہوگی۔ ایس او پی کے مطابق پٹرول اور آئل کی منظوری ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹر دیں گے۔
نوٹیفکیشن میں اسلام آباد پولیس کے افسران کو غیر ضروری اجلاس آن لائن منعقد کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ اجلاسوں کیلئے واٹس ایپ اور زوم کا استعمال کیا جائے۔