لاہور:(ویب ڈیسک) سعودی عرب نے پاکستانی طلبہ کو خوشخبری سناتے ہوئے 25 یونیورسٹیوں میں سکالر شپس کا اعلان کر دیا ہے۔
اس حوالے سے ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) پاکستان کی ویب سائٹ پر جاری کردہ بیان کے مطابق ڈپلومہ، بیچلرز، ماسٹرز اور پی ایچ ڈی کے طلبہ سکالرشپ سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
— HEC Pakistan (@hecpkofficial) June 13, 2022
ایچ ای سی کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ سکالرشپ میں پاکستان میں رہنے والے طلبہ کے لیے 75 فیصد جبکہ سعودی عرب میں مقیم پاکستانی طلبہ کے لیے 25 فیصد کوٹہ رکھا گیا ہے، علم سیاسیات، قانون، تعلیم، ایڈمنسٹریشن، معاشیات، انجینئرنگ، کمپیوٹر سائنس، زراعت، عربی، اسلامک سٹڈیز اور میڈیا سائنسز میں سکالرشپس کا اعلان کیا گیا ہے۔
سکالرشپس کے لیے پاکستان اور آزاد کشمیر کے طلبہ درخواستیں دے سکتے ہیں، پروگرام میں بیچلرز کی ڈگری کے لیے درخواست دینے والے طلبہ کی عمر 17 سے 25، ماسٹرز کے لیے 30 اور پی ایچ ڈی کے لیے 35 سال ہونی چاہیے۔
سعودی عرب 25 یونیورسٹیوں میں سکالرشپ کے مواقع فراہم کر رہا ہے، ہر یونیورسٹی میں 5 فیصد طلبہ کو انرول کیا جائے گا جبکہ دو جامعات میں رجسٹریشن کا تناسب مختلف رکھا گیا ہے، پرنسز نور بنتِ عبدالرحمٰن یونیورسٹی برائے خواتین (ریاض) میں 8 فیصد پاکستانی اور کشمیری طلبہ جبکہ مدینہ منورہ میں واقع جامعہ اسلامیہ میں مجموعی طور پر 85 فیصد نشستوں پر رجسٹریشن کی جائے گی۔
ویب سائٹ پر جاری کردہ طریقہ کار کے مطابق جامعہ، سعودی وزارت تعلیم کو درخواست بھیجے گی اور اہل طلبہ کو سکالرشپ فراہم کرے گی، درخواست دینے والے طلبہ کے لیے شرط عائد کی گئی ہے کہ ان کو کسی ادارے سے نکالا گیا ہو نہ ہی ان کا کوئی کریمنل ریکارڈ ہو، بصورت دیگر درخواست کو مسترد کردیا جائے گا۔
سکالرشپ والے طلبہ کو 3 ماہ کا وظیفہ اور ریٹرن ٹکٹ بھی دیا جائے گا، مفت میڈیکل سمیت دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی، سائنس میں سکالرشپ حاصل کرنے والے طلبہ کو 900 سعودی ریال جبکہ دیگر شعبہ جات میں طلبہ کو 850 سعودی ریال ماہانہ دیئے جائیں گے۔
سکالر شپس دینے والی 25 یونیورسٹیوں کے نام درج ذیل ہیں:
جدہ یونیورسٹی، بشاہ یونیورسٹی، اُم القرا یونیورسٹی، اسلامک یونیورسٹی، امام محمد ابنِ سعود اسلامک یونیورسٹی، کند سعود یونیورسٹی، کنگ عبدالعزیز یونیورسٹی، حفار الباطن یونیورسٹی، کنگ فیصل یونیورسٹی، کنگ خالد یونیورسٹی، قاسم یونیوسٹی، طیبہ یونیورسٹی، طائف یونیورسٹی، یونیورسٹی آف حائل، جزان یونیورسٹی، الجوف یونیورسٹی، البہا یونیورسٹی، طابق یونیورسٹی، نجران یونیورسٹی، نادرن بارڈر یونیورسٹی، پرنس ستام بن عبدالعزیز یونیورسٹی، شقرا یونیورسٹی، مجمہ یونیورسٹی۔